کراچی اُردو بولنے والوں کا سب سے بڑا شہر

image
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دُنیا بھر میں کراچی اُردو بولنے والوں کا سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ شہر پورے پاکستان کو جوڑتا ہے اس لئے ہم کراچی کو منی پاکستان کہتے ہیں۔

تسلسل کے ساتھ گیارہ عالمی اُردو کانفرنسوں کے انعقاد پر احمد شاہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قومیں اپنے ادیبوں اور فن کاروں سے پہچانی جاتی ہیں جب تک ہمارے ادیب و فن کار زندہ ہیں وہ اپنے کام سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں گیارہویں عالمی اُردو کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ آج کراچی میں دُنیا بھر کے مندوبین جمع ہوئے ہیں صاحب علم و دانشوروں کا ہمارے شہر میں آنا نیک شگون ہے۔ آرٹس کونسل اپنی ان سرگرمیوں کو جاری رکھے تو اس کی مزید مالی مدد کی جائے گی۔ اس ملک کے بہت مسائل ہیں تاہم ملک بھر کے لوگ امن کے ساتھ رہتے ہیں فرقہ پرستی کی بات کرنے والوں نے اس شہر کو لاشوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اب اس شہر کے عوام نے ایسے لوگوں کو مسترد کردیا ہے۔ آنے والا کل ہم سب کے لئے تابناک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس شہر کے بسنے والے پورے ملک کو چلاتے ہیں اس کے رنگ و روشنیوں کو بحال کریں گے۔ میں کراچی میں پیدا ہوا اور ساری تعلیم کراچی کی ہے۔ اس شہر میں کافی ہولناک دور شروع ہوا۔ 28، 30 سال کی بہت دردناک تاریخ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کو ہم نے اون کیا ہے۔کراچی کی آبادی جتنی زیادہ ہے اتنے ہی زیادہ مسائل ہیں ہماری کوشش سے کچھ بہتری ہوئی ہے مگر ہم نے اور آگے جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شارعِ فیصل کو ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیر کیا تھا اب ہم نے اس کی تعمیر نو کی ہے۔ کراچی کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ہم کوشش کررہے ہیں اس حوالے سے وفاقی حکومت سے مدد کی درخواست ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ ہر قسم کی مدد کرنے کے لئے آرٹس کونسل کواپنی سرگرمیاں اور تیز کرنا ہوں گی، ادیب شاعر اور فنکار ہماری مدد کریں۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ اُردو بولنے والوں کی اصل شناخت ان کا ادب ہے جس میں تعلیم نہ ہو وہ سب ولگر اور بے کار ہیں ہندوستان اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے یہ شہر آباد ہوا، پہلی عالمی اُردو کانفرنس کے موقع پر اس وقت اس شہر میں ہنگامے ہورہے تھے مگر ہم نے ہمت نہیں ہاری اور اس کانفرنس کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا اس موقع پر فوج اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے شہر کی رونقیں بحال کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں ادیب اتنا ہی اہم ہے جتنا کوئی اور ہوسکتا ہے، سوسائٹیاں ان کے ادیبوں، شاعروں کے ناموں سے پہچانی جاتی ہیں۔ ماضی میں آرٹس کونسل کے ادارے کو ملنے والی سالانہ امداد 50لاکھ سے بڑھ کر 10کروڑ روپے ہوگئی ہے جس پر ہم سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے شکر گزار ہیں۔تقریب میں ملک کی معروف ادیب اور شاعرہ فہمیدہ ریاض کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ آرٹس کونسل جلد ہی اس نامور ادیبہ اور جمہوری حقوق کی ممتاز شخصیت کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کرے میں خود اس میں شرکت کروں گا۔
 


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts