سکسٹین اسٹار کو ٹائی بریکر پر 3-4سے شکست‘ مقررہ وقت میں مقابلہ 1-1سے برابر
پرویز اور عمران نے گول بنائے‘فاتح ٹیم کا سیمی فائنل میں معمار اسپورٹس سے مقابلہ ہوگا
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آل کلبس عثمان آباد کے زیر اہتمام عثمان آباد فٹبال
اسٹیڈیم پر منعقدہ آل کراچی حسن میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل
ہوگئی۔آخری کوارٹر فائنل میں عثمان آباد یونین نے سکسٹین اسٹار کو ٹائی بریکر پر
3-4سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی نشست کو کنفرم کرلیا ۔ شائقین کی ایک بڑی
تعداد کی موجودگی میں عثمان آباد یونین اور سکسٹین اسٹار کے مابین سنسنی خیز میچ
کھیلا گیا ۔ دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی دکھائی ۔ پہلے ہاف کے اختتام پر دونوں
ٹیمیں بغیر کوئی گول کئے میدان سے باہر آئیں۔ 61ویں منٹ میں عثمان آباد یونین کے
اسٹار اسٹرائیکر پرویز نے پہلے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0کی برتری دلادی لیکن یہ
برتری صرف 5منٹ برقرار دہ سکی اور سکسٹین اسٹار کی جانب سے اسٹرائیکرعمران نے
خوبصورت گول بنا کر اپنی ٹیم کو خسارے سے نکال کر مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔بعدازاں
مقررہ دورانیہ میں مزید کوئی گول اسکور نہ ہوسکا اور 1-1کی برابری پر میچ کا اختتام
ہوا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے ٹائی بریکر کا سہارہ لیا گیا جس میں عثمان آباد
یونین کی جانب سے مصم، بابر ، صابر اور پرویز نے درست نشانہ بازی کرکے اپنی ٹیم
کو3-4کی فیصلہ کن کامیابی دلاکر سیمی فائنل کا ٹکٹ دلادیا۔ ریفری ابرار خان کے
معاونین تنویر اور بابر تھے۔ دیگر کوارٹر فائنلز کے فیصلے بھی ٹائی بریکر پر برامد
ہوئے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں تاج مسلم نے شاہد میموریل کو 4-5، معمار اسپورٹس نے
ینگ عثمان آباد کو 3-4اور لیاری بلوچ نے سوات شاہین کو 3-5سے شکست دے کر سیمی فائنل
میں جگہ بنائی۔ سیمی فائنل میں عثمان آباد یونین کا سامنا معمار اسپورٹس اور لیاری
بلوچ کامقابلہ تاج مسلم سے ہوگا۔