دیو قامت پاکستانی شہری ارباب خضر حیات المعروف خان بابا شادی کرنے کے خواہشمند ہیں مگر انہیں اپنی پسند کی لڑکی نہیں مل رہی۔
27 سالہ ارباب حیات کا وزن ساڑھے 4 سو کلو کے قریب ہے اور وہ اپنے لئے ایک ایسی شریک حیات کے متلاشی ہیں جس کا وزن سو کلو سے زیادہ ہو۔
ایک برطانوی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ارباب حیات دلہن کی تلاش میں اب تک 300 لڑکیوں کو شادی سے انکار کر چکے ہیں کیونکہ ان کے مطابق دلہنوں کا وزن بہت کم تھا اور انہیں اپنے وزن سے مطابقت رکھنے والی خاتون کی تلاش ہے۔
6 فٹ 6 انچ قد کے مالک ارباب حیات پاکستانی ہلک (Hulk) کے نام سے بھی مشہور ہیں جو صرف ناشتے میں ہی 36 انڈے کھا لیتے ہیں۔ وہ روزانہ معمول کے مطابق تقریباً 10 ہزار کیلوریز پر مبنی غذا کا استعمال کرتے ہیں۔
خیبرپختونخواہ کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والے ارباب حیات کا کہنا تھا کہ میں اپنے لئے زیادہ وزن دار بیوی چاہتا ہوں تا کہ اسے مجھ سے کوئی نقصان نہ پہنچ سکے، ابھی تک مجھ سے شادی کی خواہشمند خواتین بہت زیادہ دبلی پتلی ملی ہیں، میرے والدین بھی چاہتے ہیں کہ میری شادی ہوجائے، مگر اب تک کسی کو تلاش نہیں کر سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بچن سے ہی ریسلنگ دیکھنے کی شوقین ہیں اور ڈبلیو ڈبلیو ای میں پاکستان کی نمائندگی کے خواہشمند بھی ہیں۔