پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نےاسلام آباد سے کراچی تک ٹرین میں سفر کیا۔ سفر جرمن سفیر کو خوب بھایا یہاں تک کہ وہ پاکستان کی خوبصورتی کے دلدادہ ہو گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برن ہارڈ نے اپنے اکاؤنٹ پر اپنے ٹرین کے سفر پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کتنے خوش ہیں۔
اپنے ٹوئٹ میں جرمن سفیر نے ٹرین کے سفر کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے مسافروں اور پاکستان ریلوے کی معیاری خدمات کی فراہمی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ٹرین میں سوار ہونا بہت پسند ہے اور یہ کسی بھی ملک کی دریافت کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اسلام آباد سے کراچی کا 26 گھنٹوں کا سفر شاندار رہا، ساتھی مسافروں کے ساتھ بات چیت کر کے انہیں بہت اچھا لگا۔
جرمنی کے نئے سفیر نے ٹرین کے سفر کا بھرپور مزہ لیتے ہوئے دورانِ سفر کہا کہ میں ٹرین سے محبت کرنے والوں کو پاکستان کی ٹرین میں سفر کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے سفر کے دوران شکر قندی خریدی اور بریانی بھی کھائی۔