موسم اچھا ہے جس سے لوگ لطف اٹھا رہے ہیں لیکن یاد رکھیں کہ سڑک پر رہنے والے غریب لوگوں کے لئے یہ موسم اتنا آرام دہ نہیں ہوگا۔ آج صبح جب سڑک گیلی اور ٹھنڈی تھی وہاں بہت سارے بچے اور خواتیب بیٹھے تھے۔ ان کے پاس جو ایک بستر تھا وہ بارش کی وجہ سے کیچڑ سے بھرا ہوا اور گیلا تھا“
یہ الفاظ شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھے۔ شنیرا اکرم پاکستان کے معروف کرکٹ آئکون وسیم اکرم کی بیوی ہیں جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے لیکن وہ پاکستانی لوگوں کا درد ایسے ہی محسوس کرتی ہیں جیسے وہ ہمیشہ سے پاکستان میں رہتی آئی ہیں۔
کراچی میں ہونے والی بارش کو جہاں لوگوں نے انجوائے کیا وہیں شنیرا اکرم نے اس موسم میں ایسے افراد کی مدد کی جن کے لئے سردی کی بارش ان کی زندگی میں مسائل بڑھانے کا سبب بن رہی ہے۔
شنیرا اکرم نے غریب بچوں میں سوئیٹر تقسیم کرتے ہوئے اپنی تصاویر لیں اور ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ “"نہیں میں یہ تصاویر تعریف کے لیے پوسٹ نہیں کر رہی ہوں۔ میں صرف رات کو گرم بستر پر سونے والے ہر شخص کو یاد دلا رہی ہوں کہ سردی کے دن سڑکوں پر رہنے والے لوگوں کے لیے بہت مشکل ہوتے ہیں“
شنیرا اکرم اپنے ٹوئٹ میں مزید کہتی ہیں کہ اگر لوگوں کے پاس اضافی گرم کپڑے ہوں تو وہ ضرور غریبوں کی مدد کریں تاکہ وہ سردی میں ٹھٹرنے سے بچ سکیں۔