پاکستان نے بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد ڈھاکا اور کراچی کے درمیان فضائی رابطہ بحال ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو ڈھاکا سے کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کی باقاعدہ اجازت جاری کر دی ہے۔ اس فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی تعاون اور سفری سہولیات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر بنگلادیشی ائیرلائن کو 30 مارچ 2026 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ائیرلائن کو منظور شدہ روٹس کے تحت پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ پاکستان ائیر اسپیس میں داخلے کے دوران طے شدہ فضائی راستوں کی پابندی لازم ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش کی قومی ائیرلائن کو ڈھاکا سے کراچی روانگی سے قبل ہر پرواز کی مکمل تفصیلات کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوں گی، جن میں فلائٹ شیڈول، طیارے کی نوعیت اور دیگر ضروری معلومات شامل ہوں گی۔ سی اے اے کی جانب سے پروازوں کی نگرانی اور سیکیورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز رواں ماہ کے دوران متوقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سفری اور عوامی روابط میں اضافہ ہوگا۔ فضائی رابطے کی بحالی سے بزنس کمیونٹی اور مسافروں کو سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔