وفاقی کابینہ نے موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر (ایم وی این او) فریم ورک کی منظوری دے دی ہے، جس سے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ منظوری وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر دی گئی، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گزشتہ سال ایم وی این او فریم ورک کا مسودہ وزارتِ آئی ٹی کو ارسال کیا تھا۔
فریم ورک کے تحت ایم وی این او کے لیے 15 سالہ لائسنس متعارف کرایا گیا ہے جو قابلِ تجدید ہوگا۔ ملک بھر میں آپریشن کے لیے یکمشت ابتدائی لائسنس فیس ایک لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم وی این اوز موجودہ موبائل آپریٹرز کے نیٹ ورکس استعمال کریں گے، جس سے ٹیلی کام سیکٹر میں مسابقت بڑھے گی اور صارفین کو بہتر اور متنوع سروسز میسر آئیں گی۔
حکام کے مطابق ایم وی این او فریم ورک فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔