موسم سرما جتنا مزیدار لگتا ہے اتنا ہی پریشانی کا سبب بھی بن جاتا ہے۔ پاکستان کے شہر ملکہ کوہسار میں برفباری کے دلفریب مناظر دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے اور وہاں کا رخ کرنے کا دل بھی کرتا ہے۔ لیکن شدید برفباری سے وہاں موجود سیاحوں کو مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔
مری میں اس وقت شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ رات مری کی سڑکوں پر ہزاروں سیاحوں نے رات سڑک پر گزاری ہے، کیونکہ برف باری کے باعث تمام راستے بلاک ہوگئے تھے اور جانے کا راستہ کہیں سے نہیں تھا۔
مری میں موجودبرف باری میں پھنسے سیاحوں نے مدد کے لیے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات جاری کیے۔
مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان کے باعث محکمۂ موسمیات نے 50 سے 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کر دیا۔
انتظامیہ کی جانب سے ان علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کسی بھی صورتِ حال سے بچنے کے لیے شہری گھروں میں رہیں۔ برف میں پھنسے ہوئے لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء نہ ہونے کے برابر ہیں اور ادویات کی بھی کمی ہوگئی ہے۔
ادھر مری سے سیاحوں کو نکالنے کے لیے پولیس اہلکار رات بھر راستہ بنانے کی کوششیں کرتے رہے۔ بد ترین ٹریفک جام کے باعث اسلام آباد سے مری میں گاڑیوں کا داخلہ کل رات 9 بجے تک بند کر دیا گیا۔
کئی مقامات پر سیاحوں نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی ہے۔