ہماری شادی جب ہوئی تو کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن تھا۔ بسوں اور ہوائی جہاز کے سفر پر پابندی تھی تو ہم نے سوچا کیوں نہ کوئی نیا طریقہ سوچا جائے اور کسی نئے انداز میں سفر کیا جائے تو ہم نے شادی کے بعد پہلا سفر موٹر سائیکل پر کیا"
یہ الفاظ ہیں حسن اشرف کے جن کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ اپنی بیگم ماہم خان کے ساتھ نہ صرف پورا ملک گھومنے کا جنون رکھتے ہیں بلکہ کافی شہر اور علاقے موٹر سائیکل پر ہی گھوم بھی چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ماہم خان نے بتایا کہ جس جگہ جانا ہو وہ دونوں یہ فیصلہ مل کر کرتے ہیں۔ چونکہ وہ خود بھی ایڈونچر کرنا پسند کرتی ہیں اس لئے شوہر کے ساتھ سفر میں انھیں بہت مزا آتا ہے۔
مشکلوں میں ہی سفر کا مزا ہے
موٹر سائیکل پر سفر کرنے کی مشکلات کے بارے میں حسن کا کہنا ہے کہ بڑی گاڑیوں کی نسبت موٹر سائیکل پر سفر کبھی آسان لگتا ہے اور کبھی مشکل۔ کبھی اونچائی پر چڑھائی کرنے میں بہت مشکل پیش آتی ہے لیکن ان مشکلات میں بھی مزا ہے اور وہ یہی کہنا چاہیں گے کہ لوگ کچھ وقت نکال کر سیر و تفریح ضرور کریں
دو چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کرنے والا جوڑا
اسی طرح کا ایک جوڑا اور ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ اس جوڑے میں میاں بیوی اپنے دع چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ جہانزیب کا کہنا ہے کہ پولیس کی نوکری کی وجہ سے وہ اپنے بیوی بچوں کو وقت نہیں دے پاتے اس لیے انھوں نے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا یہ طریقہ نکالا ہے۔