بھارتی ہندو انتہا پسند مسلمانوں کو تنگ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے ہیں۔ بھارتی سماجی کارکن عظمیٰ پروین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی نوجوان مسجد پر چڑھ کر زعفرانی رنگ کا جھنڈا بھی لہرا رہے ہیں، رقص بھی کر رہے ہیں اور جے شری رام کے نعرے بھی لگا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی پور کے گاؤں گہمار کی ایک مسجد کی ہے۔ یہ واقعہ 2 اپریل کو اس وقت پیش آیا تھا جب بھارتی جنتا پارٹی کی سابق ایم ایل اے سنیتا سنگھ نے ایک ریلی نکالی تھی۔
گہمار گاؤں میں مسلمان بہت کم تعداد میں مقیم ہیں۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزموں کی تلاش کے لیے چھاپے بھی مارے ہیں۔ اسی حوالے سے غازی پور کے ایس پی کا کہنا ہے کہ مسجد میں ہونے والے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی پی سی کے سیکشن 153 اے کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔