امریکہ کی ریاست نیویارک سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔
امریکی شہر نیویارک میں ایک زیرِ زمین ٹرین اسٹیشن میں فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے پانچ لوگوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق بروکلین کے سب وے اسٹیشن پر منگل کو تعمیراتی مزدوروں کی جیکٹ اور گیس ماسک پہنے ایک شخص نے انتہائی رش کے اوقات میں فائرنگ کی۔
ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے اس واقعے کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا خطرناک مسلح شخص موقع پر فرار ہوگیا تھا۔
نیویارک کی پولیس کمشنر کیچنٹ سوویل نے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس حملے میں دھماکہ خیز ڈیوائس بھی استعمال کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ حملہ آور کے مقصد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن فی الحال اس واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا۔
نیویارک کی پولیس کمشنر نے بتایا کہ حملہ آور چھوٹے قد کا بھاری سیاہ فام شخص تھا جس نے اپنے بیگ سے دھواں بم نکال کر ٹرین کی جانب پھینکا اور پھر فائرنگ شروع کر دی جس سے سب وے اور پلیٹ فارم پر موجود متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کووڈ 19 کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں۔ انہوں نے اس واقعے پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ اور ان کی ٹیم ریاستی اور وفاقی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مسلح شخص کی تلاش جاری ہے اور جلد سے جلد اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔