دنیا میں جہاں جہاں بادشاہت رہ گئی ہے وہاں کچھ سخت روایات ابھی تک زندہ ہیں،جیسے کہ ملکہ برطانیہ کے بارے میں بہت دلچسپ اور کبھی کبھار عجیب وغریب معلومات سامنے آجاتی ہیں تو لوگوں کی دلچسپی اس میں بڑھ جاتی ہے کیونکہ عموماً ملکہ الزبتھ لوگوں میں آنا زیادہ پسند نہیں کرتیں، جیسا کہ لیڈی ڈیانا عوامی شخصیت تھیں۔ ملکہ الزبتھ اپنے رعب و دبدبے اور سنجیدگی ومتانت کی وجہ سے لوگوں کے دل میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں، ان کی کچھ مخصوص عادات ہیں جن کے تحت ہی وہ زندگی گزارنا پسند کرتی ہیں۔
صرف اتوار کو ہی پرس میں پیسے رکھتی ہیں
ملکہ برطانیہ ہفتے میں صرف ایک ہی دن اپنے پرس میں پیسے کیوں رکھتی ہیں؟ برطانوی میڈیا نے کھوج لگالیا۔ برطانوی میڈیا کی کھوج کے مطابق ملکہ برطانیہ پورے ہفتے میں صرف اتوار کے روز ہی اپنے پرس میں پیسے رکھتی ہیں۔ ملکہ برطانیہ یہ پیسے رکھ کر چرچ جاتی ہیں اور سروس کے اختتام پران پیسوں کو چندے کے باکس میں ڈال دیتی ہیں۔ شاہی ذرائع کے مطابق ملکہ الزبتھ دوئم کے پرس میں لپ اسٹک، شیشہ، نظر کا چشمہ اور ایک پین بھی ہمیشہ موجود ہوتا ہے۔
خون کی بوتل کے ساتھ سفر
ملکہ الزبتھ کی یہ عادت ہے کہ وہ جب بھی باہر سفر پر نکلتی ہیں خاص کر بیرونِ ملک سفرپر تو ان کے ساتھ ان کے ڈاکٹرز اور ان ڈاکٹرز کے ساتھ خون کی بوتلیں بھی ہوتی ہیں۔ ڈاکٹرز اور ان کے ساتھ خون کی بوتلیں رکھنے کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اگر ملکہ کو کوئی حادثہ پیش آجائے تو ڈاکٹر فوری طور پر انھیں ہر قسم کی طبی امداد دے سکے۔
داڑھی اور بو ٹائی کو پسند نہیں کرتیں
ملکہ الزبتھ داڑھی والے مردوں کو پسند نہیں کرتیں، اور اسی طرح انہیں بوٹائی لگائے مرد بھی پسند نہیں ہیں۔ اگر کسی تقریب میں وہ بوٹائی والے مرد دیکھتی ہیں تو ان سے فوراً دور ہوجاتی ہیں۔ جبکہ ان کے پوتے ہیری کی داڑھی ہے یا یوں کہہ لیں کہ ہیری بھی اپنی والدہ لیڈی ڈیانا کی طرح روایت شکن شہزادے ہیں جو محل کی روایات کو زیادہ اہمیت دینے کو تیار نہیں۔ لیکن ملکہ الزبتھ ان سے کافی پیار کرتی ہیں۔
آئس کیوب نہیں آئس بالز چاہیے
کسی بھی ٹھنڈے مشروب میں آئس کیوب ڈال کر پینے سے اس مشروب کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے، کیا آپ یہ سوچ سکتے ہیں کہ اس میں بھی کسی کو کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے۔ لیکن ملکہ الزبتھ وہ شخصیت ہیں جن کو آئس کیوبز بالکل پسند نہیں ہیں بلکہ کیوبز کے بجائے ملکہ اپنے مشروبات میں برف کی بالز ڈال کر پیتی ہیں۔ کیونکہ ملکہ کا کہنا ہے کہ مشروب میں کیوبز ڈالنے کی آواز بہت بری لگتی ہے جبکہ برف کے گولے ڈالنے کی آواز خوبصورت ہوتی ہے۔ ملکہ کو آئس کیوبز اتنے برے لگتے ہیں کہ اسکا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کیوبس سے بچنے کے لئے ان کے مرحوم شوہر شہزادہ فلپس نے ایک بار برف کے گولے بنانے والی مشین ایجاد کرکے اپنی بیگم کو تحفے میں دی تھی۔