مجھے ان ماؤں کو دیکھ کر اپنی ماں کی یاد آتی ہے ۔۔ ندا اور یاسر بنتِ فاطمہ فاؤنڈیشن کی ماؤں سے مل کر آبدیدہ ہوگئے

image

ماں سے بڑھ کر دنیا میں کوئی ہستی نہیں، جن کی مائیں دنیا سے رخصت ہوچکی ہوتی ہیں ان کو ماں کی اہمیت کا اندازہ دیگر لوگوں سے زیادہ ہوتا ہے۔ لیکن کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جن کی والدہ تو حیات ہیں لیکن ان کا ضمیر مر چکا ہے، وہ اپنی ماں کو تکلیف پہنچاتے ہیں، گھر سے نکال دیتے ہیں، ان پر ترس نہیں کھاتے۔ یہی وجہ ہے کہ بوڑھی مائیں در بدر بھٹکتی ہیں کہ کہیں سر چھپانے کے لیے چھت مل جائے، کوئی دو وقت کی روٹی فراہم کر دے۔ یہ ہمارے معاشرے کی بے حسی ہے کہ ہم والدین کی قدر نہیں کرتے۔ اور پھر بیچاری مائیں اولڈ ہوم یا یتیم خانوں کا راستہ دیکھتی ہیں۔ پاکستان جیسے ملک میں اولڈ ہومز کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے جو یقیناً ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

کراچی میں اولڈ ہوم بنتِ فاطمہ فاؤنڈیشن میں بھی ایسی ہی مائیں موجود ہیں جن کی کوئی دیکھ بھال کرنے والا نہیں ہے، جن کا کوئی ساتھ دینے والا نہیں تھا۔ بچے یا تو چھوڑ گئے یا پھر گھر سے نکال دیا گیا۔ ان ماؤں کو فرزانہ ماں بہت اچھے طریقے سے اپنے ساتھ رکھ رہی ہیں، ان کی ہر چیز کی دیکھ بھال کرتی ہیں، ان کا خیال کرتی ہیں۔ سحری و افطاری کا خاص اہتمام کرتی ہیں۔

کچھ روز قبل اداکارہ ندا یاسر، ان کے شوہر یاسر نواز اور نیلم منیر بنتِ فاطمہ فاؤنڈیشن پہنچے۔ جہاں انہوں نے تمام ماؤں سے ملاقات کی، ان کے لیے تحفے تحائف لے کر گئے۔ سب سے دعائیں سمیٹیں۔

اس موقعے پر یاسر کا کہنا تھا کہ: '' میری والدہ حیات نہیں ہیں، مجھے ان سب ماؤں کو دیکھ کر اپنی ماں یاد آ رہی ہے، ان خواتین کے چہروں میں اپنی ماں کی جھلک نظر آ رہی ہے۔ ہمارے پاس گھر میں بزرگ نہیں ہیں، ہم کس سے دعائیں سمیٹیں اس لیے ہم یہاں ان ماؤں کے پاس آئے ہیں۔ میں تو پہلے بھی آ چکا ہوں اب دوبارہ آیا ہوں۔ ان ماؤں کے ساتھ مل کر ایک دلی سکون محسوس ہو رہا ہے۔ ''

ندا بھی اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے رو پڑیں، انہوں نے کہا کہ: '' جن کی مائیں نہیں ہیں، ان سے پوچھیں ماں کیا ہوتی ہے؟ میری ماں خود آخری وقت میں بھی میرا خیال کرتی تھیں، میں ان کی گود میں سر رکھ کر لیٹتی تھی، وہ میرا خیال رکھتی تھیں۔ ان کے بغیر زندگی میں اندھیرا ہے۔ آپ لوگ بھی یہاں آئیں، دیکھیں ان ماؤں کے ساتھ وقت گزاریں، ان کی مدد کریں اور خدارا اپنی ماؤں کا خیال رکھیں، ان کا احساس کریں۔ ماں باپ ایسی چیز ہیں جو زندگی میں دوبارہ کبھی میسر نہیں ہوسکتے۔ ''


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US