جنوری 2026 سے شروع ہونے والی پہلی ششماہی کے لیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں پاکستانی پاسپورٹ ایک بار پھر کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل رہا۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جنوری تا جون 2026 کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 98ویں نمبر پر موجود ہے، جس کے حامل افراد صرف 31 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے جس کے حامل افراد 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ دوسری پوزیشن پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے پاسپورٹس کے ذریعے 188 ممالک میں ویزا فری رسائی ممکن ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈنمارک، لکسمبرگ، سویڈن، اسپین اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں، جن کے حامل افراد 186 ممالک میں بغیر ویزا سفر کی سہولت رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاسپورٹ کی درجہ بندی کا تعلق عالمی سفارتی تعلقات، داخلی سلامتی اور معاشی استحکام سے ہوتا ہے، جبکہ پاکستان کو اس فہرست میں بہتر مقام کے لیے سفارتی اور انتظامی سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔