مسلمان شخص کے گھر میں ہندو بیٹی کی شادی .. رمضان کے مہینے میں بھارت میں ایک مسلمان شخص نے ہندو کی مدد کس طرح کی؟

image

مذہب سے زیادہ انسانیت معنی رکھتی ہے، کیونکہ انسانیت کی خوبصورتی جس انسان کے اندر موجود ہوتی ہے وہ دنیا اور آخرت دونوں میں اونچا مقام حاصل کرتا ہے۔ بلاشبہ ہر مذہب انسانیت نبھانے پر زور دیتا ہے۔

یہاں آج ہم ایک ایسا واقعہ آپ کی خدمت میں پیش کرنے جا رہے ہیں جو آپ کے لیے سبق آموز ہوگا۔ ایک شخص جس کا تعلق بھارت سے ہے جس کا نام راجیش چور سیا ہے۔ یہ شخص اپنی بھاجنی کی شادی کے لیے کافی کوشش کر رہا تھا کہ اسے ایک جگہ مل جائے۔ راجیش کافی پریشان تھا۔

پھر ہوا کچھ یوں کہ اس نے اپنے ایک مسلمان پڑوسی سے مدد مانگی۔ وہاں ایک پرویز نامی شخص رہائش پزیر ہے جس سے راجیش چور سیا نے درخواست کی کہ کیا وہ اپنے گھر میں اپنی بھانجی کی شادی کا منڈپ لگانے کی اجازت دے سکتا ہے جس کے لیے اس نے انکار نہیں کیا بلکہ انسانیت کی خاطر راجیش کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

راجیش چور سیا اور پرویز بھارت کے شہر اعظم گڑھ کے رہنے والے ہیں۔ جیسا کہ بھارت کے مختلف شہروں میں فرقہ واریت اور مسلم مذہب کی وجہ سے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں وہیں باہمی ہم آہنگی کے کچھ ایسے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جو لوگوں کو مل جل کر رہنے کا درس دیتے ہیں۔

اس دوران راجیش نے اپنے پڑوس میں رہنے والے پرویز سے اپنی بھانجی کی شادی کے لیے منڈپ لگانے کیلئے کہا۔ 22 اپریل کو جونپور ضلع کے ملہانی سے جب مہمان پرویز کے آنگن میں پہنچے تو دوارچار اور ویدک منتروں کے درمیان سات پھیروں اور سندور کی رسم مکمل ہوئی۔ اس دوران ہندو اور مسلم خواتین دیر رات تک شادی میں منگل گیت گاتی رہیں۔

اعظم گڑھ شہر کے ایلوال علاقے کے رہنے والے راجیش چورسیا پان کی دکنا چلاتے ہیں اور اسی سے وہ اپنا اور اپنے اہلخانہ کا گزارا کرتے ہیں۔

ان کی بہن شیلا کے شوہر کا 2 سال قبل کورونا سے انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد چورسیا نے اپنی بھانجی کی شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اپنی بھانجی پوجا کی شادی بھی طے کر دی، لیکن مشکل یہ تھی کہ راجیش کے پاس رہنے کے لیے گھر کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ یہی نہیں بلکہ وہ مالی طور پر مستحکم نہیں تھے جس کے باعث وہ اپنی بھانجی کی شادی بہتر طریقے سے کر سکیں۔

بارات کی روانگی سے قبل صبح جب کھچڑی کی رسم شروع ہوئی تو راجیش نے اپنی استطاعت کے مطابق دولہے کو خوش کیا، پھر اسی رسم کے دوران پڑوسی پرویز نے دلہن کے گلے میں سونے کی سیکڑ پہنائی جس سے شادی کی تقریب دوبالا ہوگئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts