مسلمان دوست رمضان کی وجہ سے ولیمے میں نہیں آسکتے، اس لیے افطار کے وقت ولیمے کی رسمیں کیں، ہندو شخص کا انوکھا ولیمہ

image

بھارت میں جہاں مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان بے شمار اختلافات ہیں۔ آپس میں لڑائیاں اور فسادات ہیں وہیں کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو مذہب سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں، ان کا خیال کرتے ہیں۔ آپس میں تحفے تحائف بانٹتے ہیں۔ ایک دوسرے کے مذہب کا خیال رکھتے ہیں۔ ایسی ہی ہندو مسلم دوستی کی مثال بھارتی ریاست کرناٹک میں نظر آئی۔

کرناٹک کے شہر مینگلورو میں چندر شیکھر جیدو نامی ہندو شہری نے اپنے مسلمان دوستوں کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔

چندر شیکھر کی شادی 16 رمضان کو ہوئی تھی اور وہ پریشان تھا کہ رمضان المبارک کی وجہ سے اس کے مسلمان دوست ولیمے کی دعوت میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ اس نے اپنے مسلمان دوستوں کے لیے ولیمے کی جگہ افطار پارٹی کا انتظام کر دیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس شخص نے اپنے ولیمے کی رسومات افطار کے وقت کیں تاکہ مسلمان دوست بھی شریک ہوسکیں۔ پہلے افطار کا اہتمام رکھا گیا، کھانے میں کھجور، سموسے، پکوڑے، بریانی، تکہ، چکن قورمہ، فروٹ چاٹ، چنا چاٹ جیسے آئٹمز رکھے گئے جو افطار کے دسترخوان پر عموماً موجود ہوتے ہیں۔

چندر شیکھر کے مطابق: '' میں نے اپنی شادی میں جہاں 40 کے قریب ہندو دوستوں کو بلایا، وہیں اپنے 100 سے زائد مسلمان دوستوں کو بھی شریک کیا اور 4 عیسائی دوست بھی شادی میں آئے۔ میرے لیے تمام دوست برابر ہیں اور میں سب کے مذہب کا احترام کرتا ہوں۔ میری شادی پر مجھے سب سے زیادہ تحفے میرے ان مسلمان دوستوں کی جانب سے دیے گئے ہیں۔ ہم لوگ مل جل کر رہنا پسند کرتے ہیں، میں چاہتا تھا کہ اپنے مسلمان دوستوں کو یونہی اپنی خوشیوں میں شریک رکھوں۔ ''


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts