جاپان میں برڈ فلو کی تصدیق، کیوٹو میں نواں کیس رپورٹ ہوگیا

image

جاپان کی وزارتِ زراعت نے تصدیق کی ہے کہ کیوٹو پریفیکچر کے ایک پولٹری فارم میں انتہائی مہلک ایویئن انفلوئنزا (برڈ فلو) پھیل چکا ہے، جو رواں سیزن میں ملک بھر میں سامنے آنے والا نواں کیس ہے۔

شنہوا کے مطابق وزارتِ زراعت، جنگلات و ماہی پروری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کیس کیوٹو پریفیکچر کے شہر کامیوکا میں واقع ایک پولٹری فارم میں رپورٹ ہوا، جہاں تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار انڈے دینے والی مرغیاں پالی جاتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مقامی حکام کو منگل کے روز اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد اسی روز فارم میں مرغیوں کا فوری ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ بدھ کے روز کیے گئے جینیاتی ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ مرغیاں انتہائی مہلک ایویئن انفلوئنزا وائرس سے متاثر ہیں۔

حکومتی ہدایات کے مطابق فارم میں موجود تمام مرغیوں کو تلف کیا جائے گا، بعد ازاں انہیں جلایا اور دفن کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فارم کے تین کلومیٹر کے دائرے میں موجود پولٹری فارمز کو مرغیوں اور انڈوں کی نقل و حرکت سے روک دیا گیا ہے، جبکہ تین سے دس کلومیٹر کے دائرے میں واقع فارمز کو پولٹری مصنوعات علاقے سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق وائرس کے مزید پھیلا کو روکنے کے لیے فارم کے اطراف جراثیم کش اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ وبائی تحقیقاتی ٹیم بھی روانہ کردی گئی ہے۔ ضرورت پڑنے پر وزارت کے ماہرین کو بھی موقع پر بھیجا جائے گا۔

جاپان میں برڈ فلو کا سیزن عموماً خزاں سے اگلے موسمِ بہار تک جاری رہتا ہے۔ رواں سیزن میں اب تک سامنے آنے والے آٹھ کیسز کے نتیجے میں تقریباً 24 لاکھ مرغیاں تلف کی جا چکی ہیں۔ موجودہ سیزن کا پہلا کیس 22 اکتوبر کو شمالی صوبے ہوکائیدو میں رپورٹ ہوا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US