میاں بیوی کی محبت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا ہے، دونوں ایک دوسرے کو سمجھ جاتے ہیں۔۔ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کیلئے مضبوط شجر کا کام کرتے ہیں۔ جب ایک تکلیف میں ہوتا تو دوسرا رات بھر اس کی خدمت کرتا۔ احساس اس خوبصورت رشتے کو سدا کیلئے جوڑ دیتا ہے۔ وہ گھرانے جہاں بزرگ موجود ہوتے ہیں وہاں محبت کی مٹھاس دیگر گھروں سے زیادہ ہوتی ہے کیونکہ یہ ہمارے گھر کے بزرگ ہمارے نانا نانی اور دادا دادی ہی تو ہیں جو بچوں سے لے کر بڑوں تک ہر کسی کو اپنی محبت سے جوڑے رکھتے ہیں۔
دادا دادی اگر گھر میں ساتھ موجود نہ ہوں تو گھر مکمل نہیں لگتا۔ ایسی ہی ایک کہانی بھارتی جوڑے اووا اور تھتا کی ہے۔ ان کی پوتی پونم ساپرا نے ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن کو ہیومنز آف بمبئی کے پیج پر بھی شیئر کیا گیا۔
میرے دادا 101 سال کے ہیں اور دادی کی عمر 90 سال ہے۔ دونوں ایک ساتھ 72 سال سے ہیں۔ ان کی شادی کو 72 سال گزر گئے لیکن محبت میں کمی نہیں آئی۔ دادا کے گھر والوں نے دادی کو پسند کیا اور پھر ان کی کنڈلیاں ملوائی گئیں۔ پنڈرٹ جی نے کہا یہ ایک مکمل جوڑے کی نشانی ہے۔ ان کی شادی ہوگئی، دونوں کے درمیان کئی مرتبہ لڑائیاں ہوئیں اور ہمیشہ دادا نے ہی پہلے معافی مانگ کر معاملہ نپٹایا۔ دونوں نے شروع ہی سے ایک دوسرے کو دل سے چاہا اور ہر مشکل وقت میں مدد کی۔ یہ دونوں آج اس عمر میں بھی ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھاتے ہیں اور ایک ساتھ گھومنے جاتے ہیں۔ دادا دادی جب ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر چلتے ہیں تو یوں لگتا ہے جیسے خدا نے ان کو سچی محبت کے موتیوں میں پرو کر بھیجا ہو۔ یہ غصے میں بھی ایک دوسرے کا خیال رکھنا نہیں بھولتے۔ دادا پہلے دادی کو دوائیاں کھلاتے ہیں، پھر دادی دادا جان کو دوائیاں کھلاتی ہیں۔

ایک وقت ایسا آیا کہ ان کے بچوں نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا سب الگ ہوگئے مگر دادا دادی نے کبھی اپنی ہمت نہ ٹوٹنے دی اور ہر مشکل وقت کو ہاتھ تھام کر مضبوط چٹان کی طرح گزارا۔ دادی نے ہمیشہ اپنی زندگی کا ایک راز بتایا کہ کبھی شوہر کو اکڑ نہ دکھاؤ، اگر وہ غصے میں ہو تو آپ اپنی آواز نیچی کرلو، نگاہ جھکا لو، وہ خود آپ کو عزت بھی دے گا آپ کا خیال بھی کرے گا۔ تمہارے دادا نے ہمیشہ کہا کہ تھتا کبھی اونچی آواز نہ رکھنا، میں خود تمہارا خیال کرلوں گا اور آج 72 سال گزرنے کے بعد بھی وہ ایسے ہی ہیں۔ دادا دادی نے شادی کے 70 سال گزرنے کے بعد سالگرہ پر دوبارہ اسی طرح دھوم دھام سے شادی کی تھی تاکہ وہ زندگی کے خوشگوار لمحات کو دوبارہ یاد کرکے لطف اندوز ہوسکیں۔ ان کی محبت بے مثال ہے۔