پاکستانی دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں اپنی صلاحیتوں اور دیدہ دلیری سے پاکستانی ہونے کا ثبوت پیش کر دیتے ہیں۔
امریکہ میں ایک پاکستانی شہری نے ایسا کام کر دکھایا کہ وہاں کے لوگ بالخصوص پولیس بھی انہیں داد دینے پر مجبور ہوگئی۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی مقامی پولیس کی جانب سے ایک 72 سالہ بزرگ شہری کی جان بچانے پر پاکستانی نوجوان بلال شاہد کو انعام سے نوازا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بزرگ شہری 'بلی کیابو' جو لیور مور کا رہائشی ہے، اچانک فٹ پاتھ پر گر کر بے ہوش ہوگیا۔ بلال، جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ وہاں سے گزر رہا تھا،انہوں نے برگ شہری کو زمین پر بے ہوش دیکھا تو فوراً گاڑی روکی اور اس کی مدد کے لیے بھاگے۔
بزرگ شہری کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس کے بعد بلال نے میڈیکل ایمرجنسی کے لیے ہیلپ لائن پر کال کی۔ کال کے دوران، افسر نے پاکستانی شہری سے کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) دینے کو کہا۔ تاہم، بلال اس طریقہ کار سے ناواقف تھا اس لیے اس نے کال پر دی گئی ہدایات پر عمل کیا۔
تھوڑی ہی دیر میں بزرگ شہری کی طبی امداد کے لیے ایمبولینس وہاں پہنچی اور امداد فراہم کی۔ افسر نے بتایا کہ پاکستانی شخص کی جانب سے وقت پر مدد فراہم کرنے سے اور بزرگ شہری کو سی پی آر دینے کی وجہ سے نبض بحال ہوئی اور ان کی جان بچنے میں کامیاب ہوئی۔
72 سالہ شخص کے اہل خانہ نے سوشل میڈیا پر پاکستانی کو تلاش کیا اور اسے تحائف بھیجے اور فوراً مدد فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
بلال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیان نہیں کر سکتے کہ ایک انسانی جان بچانے کے بعد وہ کیسا محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کی جان بچانا میرے لیے ایک اعزاز تھا۔
دریں اثنا، مقامی پولیس نے ایک شہری کی جان بچانے میں فوری مدد کرنے پر بلال کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایوارڈ کی تقریب 9 مئی کو لیورمور سٹی کونسل میں منعقد کی جائے گی۔
بلال کا تعلق کراچی سے ہے تاہم وہ کچھ سالوں سے لیورمور میں مقیم ہیں۔