جب میاں بیوی کی محبت کی مثال دینی ہو تو لوگ شاہجہاں کے بنائے ہوئے تاج محل کی مثال دیتے ہیں لیکن بینکاک کے ایک شخص نے بیوی کی محبت کی انتہا کرتے ہوئے ایسا کام کردیا کہ سننے والے خوف میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ چرن جانواچکل نامی شخص نے اپنی بیوی کو مرنے کے 21 سال تک تابوت میں بند کر کے اپنے سونے والے کمرے میں رکھا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی سے بہت محبت کرتا تھا اور اسے دفن نہیں کرنا چاہتا تھا بلکہ وہ یہ تسلیم ہی نہیں کر پا رہا تھا کہ اس کی بیوی اس دنیا سے جا چکی ہے۔
بیوی کو تابوت میں رکھ کر باتیں کرتے تھے
چرن جانواچکل کی عمر 72 سال ہے۔ ان کی بیوی کا انتقال 21 سال پہلے ہوا تھا لیکن انھوں نے بیوی کی لاش کو دفنانے کے بجائے تابوت میں بند کرکے رکھ دیا۔ چرن اپنی بیوی سے روزانہ گفتگو بھی کرتے تھے۔ یہاں تک کہ باپ کی ان باتوں سے تنگ آ کر چرن کے دونوں بیٹے بھی انھیں چھوڑ کر چلے گئے اور وہ اکیلے رہنے پر مجبور ہوگیا۔
گھر میں بجلی بھی نہیں تھی
چرن جانواچکل کے اس راز کا علم جیسے ہی ایک نجی ادارے اور مقامی پولیس کو ہوا انھوں نے فوری طور پر چرن کی مدد کا فیصلہ کیا کیوں کہ چرن کئی سالوں سے خستہ حال گھر می بغیر بجلی کے رہ رہے تھے۔ ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی گئی کیوں کہ وہ اپنی بیوی کے انتقال کو باقاعدہ رجسٹر کروا چکے تھے۔
تم کچھ دن میں دوبارہ اپنے گھر آجاؤ گی
ایسا بھی نہیں کہ چرن کوئی غیر تعلیم یافتہ شخص ہیں بلکہ ان کے جاننے والوں کے مطابق وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص ہیں۔ پولیس کے سمجھانے پر چرن بالآخر اپنی بیوی کو دفنانے پر تیار تو ہوگئے مگر وہ سارا راستہ روتے رہے اور تابوت کے پاس جا کر کہنے لگے “کہ یہ صرف تھوڑے دنوں کی بات ہے بہت جلد تم واپس اپنے گھر میں ہوگی“