لاکھوں یا ہزاروں فیس نہیں بلکہ ۔۔ ایسا اسکول جس کے حقائق آپ کو بھی حیران کر دیں گے

image

تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن پاکستان میں جہاں اس وقت تعلیم منافع بخش کاروبار ہے وہیں دنیا میں کئی ایسے ممالک بھی ہیں جہاں والدین سے بھاری فیسیں لینے کے بجائے بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم بالکل مفت دی جاتی ہے۔

پاکستان میں اس وقت غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے والدین کیلئے اپنے بچوں کو تعلیم دلوانا ایک مشکل خواب بن چکا ہے کیونکہ پاکستان میں سرکاری اسکول تو موجود ہیں لیکن وہاں تعلیم کا معیار انتہائی ناقص ہے۔

پرائیویٹ اسکولز کی بات کی جائے تو یہاں تعلیم کا نظام بھی کئی درجات میں تقسیم ہے، غریب کیلئے سرکاری اسکول، مڈل کلاس طبقے کیلئے گلی محلوں میں کھلے پرائیویٹ اسکولز اور امراء کے بچوں کیلئے الگ سے تعلیمی ادارے قائم ہیں۔

پاکستان میں چھوٹے پرائیویٹ اسکولوں میں بھی بچوں کو تعلیم دلوانا نہایت مشکل کام ہے، یہاں بھاری فیسوں کے علاوہ کاپیاں اور کتابیں بھی انتہائی مہنگے داموں فراہم کی جاتی ہیں۔

پاکستان میں تعلیم کے حالت کا اندازہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ سے لگایاجاسکتا ہے جن کی اکثریت میٹرک یا انٹرپاس ہوتی ہے لیکن جس ملک کا ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں وہاں ٹیچر اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور یوں کہا جاتا ہے کہ یہاں ٹیچر بننا وکیل یا ڈاکٹر بننے سے بھی زیادہ مشکل ہے۔

ہم بات کررہے ہیں فن لینڈ کی جہاں شرح خواندگی 99 فیصد ہے اور پاکستان میں خواندگی کی شرح 62 فیصد کے قریب ہے۔

فن لینڈ میں تعلیم کا کاروبار سختی سے منع ہے، یہاں حکومت ہر بچے کی تعلیم کا خرچ اٹھاتی ہے اور امیر ہو یا غریب سب کیلئے یکساں نظام رائج ہے۔

یہاں بچوں کو بھاری بستوں کے بوجھ میں نہیں دبایا جاتا بلکہ یہاں ہوم ورک اور بھاری کورسز کا بھی کوئی تصور نہیں لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائینگے کہ یہاں بچے تعلیم کے میدان میں بہت آگے ہیں اور اس ملک میں ہر انسان لکھنا اور پڑھنا جانتا ہے کیونکہ یہاں بچوں کو پاس ہونے کیلئے رٹا نہیں لگوایا جاتا بلکہ عملی طور پر تعلیم دی جاتی ہے۔

فن لینڈ میں اسکول کے بچوں کو عملی طور پر سائنس، میتھس اور دیگر علوم سکھائے جاتے ہیں اور صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ کھانا بنانا اور دیگر شعبوں کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

یہاں اسکول کے طلبہ کو جس کام کا شوق ہو اس شعبے میں عملی مہارت کیلئے باقاعدہ اشیاء فراہم کرکے عملی طور پر انہیں اس کام کیلئے تربیت دی جاتی ہے۔ بچوں کو علم و ہنر کے ساتھ میوزک کی تعلیم بھی دی جاتی ہے، طلبہ کو کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

پاکستان اور فن لینڈ کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو ہمارے ملک میں تعلیم کا شعبہ ابتری کا شکار ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم دنیا سے تعلیم کے معاملے میں بہت پیچھے ہیں۔ اگر ہمیں بھی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملاکر چلنا ہے تو نظام تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts