کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل میں آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل

image

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) میں آتشزدگی کے واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے سینئر افسران پر مشتمل ہوگی اور کے آئی سی ٹی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے واقعے کی تفصیلی جانچ کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کے آئی سی ٹی ایک نجی ٹرمینل ہے اور حفاظتی انتظامات کی بنیادی ذمہ داری اس کی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ واقعے کی فوری اطلاع ملنے کے بعد محمد جنید انوارچوہری نے کے پی ٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد سمیت تمام متعلقہ حکام کو آگ پر قابو پانے اور دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

رپورٹ کے مطابق آگ دوپہر 1:35 بجے برتھ نمبر 27 کے قریب ایک کنٹینر میں بھڑکی۔ کے پی ٹی کے 8 فائر ٹینڈرز، پاکستان نیوی کے 4، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے 1 اور ریسکیو 1122 کے 2 فائر ٹینڈرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

وفاقی وزیر نے کے پی ٹی کے اہلکاروں اور جی ایم (انجینئرنگ) ریئر ایڈمرل کاشف منیر اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی نقصان اور آگ لگنے کی حتمی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

کے پی ٹی فائر بریگیڈ موقع پر احتیاطی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کی صورت میں فوری ردعمل ممکن ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US