پی ٹی آئی کیلئے خوشخبری۔۔ شہباز گل کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم، آگے کیا ہوگا؟

image

اسلام آباد: بغاوت کے مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو شہباز گل کے خلاف ریاستی ادارے کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت دوبارہ شروع کی۔

ملزم کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔ مقدمے میں 14 دفعات لگائی گئی ہیں جبکہ تفتیش ختم ہو چکی ہے اور مزید کوئی ریکوری نہیں ہونی ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ پورا کیس ایک تقریر کے گرد گھومتا ہے۔جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا شہباز گل نے یہ الفاظ کہے ہیں؟ کیا ان کے استعمال کردہ الفاظ جائز ہو سکتے ہیں؟۔

چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ کیا آئین کے مطابق فوج سیاست میں شامل ہوسکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک تقریر نہیں تھی۔

ملزم کا دفاع کرتے ہوئے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کی گفتگو کا کچھ حصہ سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا۔

انہوں نے کہیں بھی مسلح افواج کی تضحیک کرنے کی کوشش نہیں کی، شہباز گل نے اپنی گفتگو میں مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کے ناموں کا ذکر کیا اور پی ٹی آئی رہنما کے خلاف بددیانتی اور پروپیگنڈے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تقریر دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے نفرتوں میں کس حد تک اضافہ کیا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پچھلی حکومت نے بھی بغاوت کے مقدمات بنائے تھے اور موجودہ حکومت نے بھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ شہباز گل کی تقریر کے بعد تحقیقات میں کسی سے رابطے کا پتہ چلا یا شہباز گل کے خلاف ابھی تک کوئی متضاد مواد موجود ہے؟۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس مکمل کرنے اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US