اب اے ٹی ایم کی ضرورت نہیں۔۔ آپ کا شناختی کارڈ ہی کیش ٹرانسفر کیلئے کیسے کام آسکتا ہے؟

image

حکومت نے سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی میں شفافیت کیلئے نادرا سے مدد مانگ لی، چیئرمین نادرا نے قومی شناختی کارڈ کو کیش ٹرانسفر کیلئے قابل استعمال بنانے کی یقین دہانی کروادی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ سے چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں ان کو کچھ نہیں ملا اور انتظامیہ کہتی ہے انہوں نے سامان دیا ہے، انہوں نے چیئرمین نادرا سے کہا کہ نادرا ایسا نظام بنائے جس سے ہمارے پاس سامان لینے اور دینے والے کا ریکارڈ ہو، ہم انتظامیہ اور متاثرین کی کا ڈیٹا بنانا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے درخواست کے بعد چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کے لئے ڈیٹا بیس بنائیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ زائد المیعاد شناختی کارڈز کی تصدیق کا کام فوری شروع کیا جائے جس پرچیئرمین نادرا نے بتایا کہ نادرا اپنے موبائل یونٹس امدادی کیمپوں کے قریب قائم کریں گے، نقد رقم منتقل کرنے کیلئے نادرا ایس اوپیز بنارہی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایم کارڈ کے بجائے شناختی کارڈ پر ہی کیش ٹرانسفر ہو جائے تو چیئرمین نادرا نے کہا کہ شناختی کارڈ پر بھی بینک اکاؤنٹ کھل جائے گا اور نقد رقم بھی منتقل ہوگی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ اور وفاقی وزیرشازیہ مری نے سیلاب متاثرین کو زائد المیعاد شاختی کارڈ پر رقوم کی فراہمی کا حکم دیا تھا۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو فوری امدادی کی ضرورت ہے اس لئے ایکسپائر شناختی کارڈ والے متاثرین کو بھی رقوم فراہم کی جائینگی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین نادرا طارق ملک کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے شناختی کارڈ کے ذریعے رقوم کی منتقلی کے اقدام سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری رقوم کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US