منی پور میں امن قائم ہو رہا ہے، نریندر مودی کا یوم آزادی پر خطاب

image

انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کشیدگی کی شکار ریاست منی پور میں امن قائم ہو رہا ہے، جہاں اب تک 180 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نریندر مودی کی حکومت نے تشدد پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا تھا۔

انڈین وزیراعظم نے یوم آزادی کے دن لال قلعے پر خطاب میں کہا کہ ’گذشتہ چند دنوں سے امن کی خبریں آ رہی ہیں۔ ملک منی پور کے ساتھ کھڑا ہے اور چاہتا ہے کہ لوگ امن قائم رکھیں۔‘

اکثریتی ہندو میٹی کمیونٹی اور اقلیتی مسیحی ککی قبیلے کے درمیان ہونے والے تصادم میں 21 خواتین بھی ہلاک ہو چکی ہیں۔ کئی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی جس کے بعد امن قائم نہ کرنے پر مودی حکومت پر عالمی سطح پر تنقید کی جا رہی ہے۔

نریندر مودی نے ریپ کے واقعات کی مذمت کی اور سخت کارروائی کا وعدہ کیا، لیکن اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت ریاست کو تقسیم کر رہی ہے۔ تاہم حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے اور حال ہی میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنایا ہے۔

خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ ’اس مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے وفاقی اور ریاستی حکومتیں سخت محنت کر رہی ہیں۔‘

منی پور میں سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد واپس آنے سے ڈر رہے ہیں اور انہیں قانونی و مالی امداد کی بھی ضرورت ہے۔

نریندر مودی نے اپنے خطاب میں سماجی، معاشی اور غریب نواز پالیسیوں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے تو انڈیا کو معاشی پاور ہاؤس بنانے کا عزم لے کر چلیں گے۔

تاہم انڈیا کی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی آخری تقریر ہے کیونکہ اگلے عام انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب نہیں ہو گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts