کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 15 زخمی ہیں۔
حافظ آباد کے پی آر او صداقت نے اردو نیوز کو بتایا کہ حادثہ مسافر بس اور پک اپ وین کے درمیان ٹکر ہونے سے پیش آیا ہےجس کے بعد دونوں گاڑیاں شدید آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔انہوں نے بتایا کہ بس کو حادثہ موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب اتوار کی صبح تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔پی آر او کا کہنا تھا کہ پک اپ وین میں ڈیزل کے دو ڈرم موجود تھے، آگ اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر جھلس گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ 18 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ پک اپ وین کا ڈرائیور بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پی آر او نے بتایا کہ میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا جس کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی جائیں گی۔