بھارت کی ریاست آسام کے ضلع ہوجائی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں سائرنگ-نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس ٹرین ہاتھیوں کے ایک جھنڈ سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں آٹھ ہاتھی ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کے پائلٹ نے صورتحال دیکھ کر فوری ایمرجنسی بریک لگائی، لیکن ہاتھی ٹرین سے ٹکرا گئے اور حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
حادثے کے بعد سینئر ریلوے افسران موقع پر پہنچے اور متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو دیگر کوچز میں موجود خالی برتھوں پر منتقل کیا گیا۔ مختصر وقفے کے بعد ٹرین صبح 6 بج کر 15 منٹ پر دوبارہ گوہاٹی کے لیے روانہ ہوئی۔
ریلوے حکام نے اعلان کیا کہ گوہاٹی پہنچنے پر مسافروں کی سہولت کے لیے اضافی کوچز شامل کیے جائیں گے تاکہ ٹرین اپنی منزل کی جانب بلا تعطل سفر کر سکے۔