ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام سانحۂ آتشزدگی گگھٹر پلازہ کے شہداء کی یاد میں ریسکیو شہداء ڈے منایا گیا۔ یادگارِ شہداء پر منعقدہ پروقار تقریب میں اعلیٰ حکام، ریسکیو افسران اور ریسکیورز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری ریسکیو 1122 پنجاب ضیاء اللہ شاہ، ڈائریکٹر ریسکیو راولپنڈی ریجن ڈاکٹر فیصل محمود، ڈی جی ایمرجنسی سروسز اسلام آباد ڈاکٹر عبد الرحمن اور ڈی او ایمرجنسی راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، سلامی پیش کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ مقررین نے کہا کہ ریسکیو شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، جنہوں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔
تقریب میں بتایا گیا کہ 20 دسمبر کو ریسکیو شہداء ڈے منانے کا مقصد 2008 کے سانحۂ آتشزدگی میں شہید ہونے والے 13 فائر فائٹرز کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے، جن میں ریسکیو 1122 راولپنڈی، پی او ایف واہ کینٹ، سول ایوی ایشن اور فائر بریگیڈ کے اہلکار شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریسکیو 1122 شہداء کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے عزم پر قائم ہے اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مقررین نے بلند و بالا عمارتوں میں حفاظتی انتظامات، پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگ ریگولیشنز 2022 پر مکمل عملدرآمد اور مستقبل میں آتشزدگی جیسے سانحات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات پر زور دیا۔