2020 کے انتخابی نتائج بدلنے کا الزام، ٹرمپ ’سرنڈر‘ کرنے کے لیے تیار

image

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ جمعرات کو جارجیا میں حکام کے سامنے سرینڈر کر دیں گے تاکہ 2020 کے انتخابات میں ردّوبدل کرنے کے الزامات کا سامنا کر سکیں۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کی رات اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک پر لکھا کہ ’کیا آپ یقین کر سکتے ہیں میں گرفتاری دینے کے لیے جمعرات کو جارجیا کے شہر اٹلانٹا جاؤں گا۔‘

اپریل کے بعد سے یہ ڈونلڈ ٹرمپ کی چوتھی گرفتاری ہو گی۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ ریپبلکن کی جانب سے آئندہ انتخابات میں صدر کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ٹرمپ کے خلاف ملک بھر میں مقدمات اور گرفتاریوں کو ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا ایہ اعلان ان کے وکلا کی اٹلانٹا میں پراسیکیوٹرز سے ملاقات کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔ ان کے خلاف جارجیا میں قائم مقدمے میں ضمانت کے لیے دو لاکھ ڈالر کا بانڈ مقرر کیا گیا ہے۔

ضمانت کی اس رقم کا معاہدہ ٹرمپ کے وکلا اور فلٹن کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولس کے درمیان طے پایا۔

فلٹن کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی فانی ولیس، ٹرمپ کے دفاعی وکلاء اور جج کے دستخط کردہ بانڈ معاہدے کے مطابق سابق صدر کو کیس میں شریک مدعا علیہان، گواہوں یا متاثرین کو ڈرانے دھمکانے سے روک دیا گیا ہے اور وہ اس کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال بھی نہیں کر سکیں گے۔

یہ معاہدہ سابق صدر کو گواہوں یا شریک مدعا علیہان کے خلاف ’کسی بھی نوعیت کی براہ راست یا بالواسطہ دھمکی‘ دینے اور ان کے ساتھ سوائے وکلاء کے ذریعے، کیس کے حقائق کے بارے میں کسی بھی طرح کی بات کرنے سے روکتا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ٹرمپ خود کو فلٹن کاؤنٹی جیل میں پیش کریں گے جو طویل عرصے سے مسائل سے دوچار ہے۔ محکمہ انصاف نے گزشتہ ماہ اس جیل کے سیل میں گندگی، تشدد اور گذشتہ سال ایک شخص کی موت کے بعد شہری حقوق کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ گذشتہ مہینے فلٹن کاؤنٹی کی تحویل میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

فلٹن کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے پیر کی سہ پہر ایک نیوز ریلیز میں کہا کہ جب ٹرمپ سرنڈر کریں گے تو جیل کے آس پاس کے علاقے میں’سخت لاک ڈاؤن‘ کیا جائے گا تاہم ٹرمپ کے وہاں زیادہ وقت گزارنے کا امکان نہیں ہے۔

جارجیا کے حکام کا کہنا ہے کہ  ٹرمپ کے ساتھ ان کی ریاست میں جرائم کے الزام میں دیگر افراد کی طرح برتاؤ کیا جائے گا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts