بی سی سی آئی کی جانب سے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ سچن ٹنڈولکر کے مجسمے نے بھارت کو شرمندہ کرنے کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کو بھی بھڑکا دیا ہے۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سر ڈان بریڈمین کے بعد سچن ٹنڈولکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی ۔بھارت اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ کے میچ سے پہلے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے سچن ٹنڈولکر کے مجسمے کی رونمائی کی۔
سچن ٹنڈولکر نے مشہور مقام پر 2011 میں اپنی ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی اور 2013 میں اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔تاہم شائقین نے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ سے غیر معمولی مماثلت کی نشاندہی کرتے ہوئے بھارتی بورڈ پر شدید تنقید کی ہے۔
مجسمہ لگانے پر سچن ٹنڈولکر نے ایم سی اے کا شکریہ کا ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ایک پرستار کے طور پر قدم رکھا، پھر 87 ورلڈ کپ میں بال بوائے بن کرآیا، 2011 کا ورلڈ کپ جیت لیا ، اور یہاں اپنا آخری بین الاقوامی کھیل کھیلا ، یہ ایک ایسا سفر ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
یہ مجسمہ صرف میرا نہیں ہے۔ یہ ہر نان اسٹرائیکر، میرے کرکٹ ہیروز، ہر ساتھی کیلئے وقف ہے جو میرے شانہ بشانہ کھڑے تھے، کیونکہ ان کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں تھا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے مجسمہ کی آسٹریلین کرکٹر اسٹیو اسمتھ سے غیر معمولی مماثلت کی وجہ سے کرکٹ شائقین نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔