بلوچستان انفارمیشن کمیشن کا باضابطہ آغاز، عوام کو حق معلومات کی فراہمی کی جانب اہم قدم

image

بلوچستان انفارمیشن کمیشن نے عوام کو معلومات تک رسائی فراہم کرنے اور شفاف حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے کام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ کمیشن کے دفتر کا افتتاح محکمہ تعلقات عامہ کی عمارت میں کیا گیا، جس میں اعلیٰ حکام اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی سیکرiٹری اطلاعات عمران خان، کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور اور ڈائریکٹر اطلاعات سعید شاہوانی بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ "انفارمیشن کمیشن کا قیام صوبے کے عوام کے لیے ایک سنگِ میل ہے۔ حق معلومات ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، جس کے ذریعے شفاف حکمرانی، مؤثر احتساب اور عوامی شمولیت کو فروغ ملے گا۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں کو بروقت اور درست انداز میں عوام تک پہنچائے، تاکہ اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور نے کہا:"دفتر کے قیام سے عوام کو ان کے حق معلومات کے حصول میں آسانی میسر آئے گی۔ حکومت بہتر طرز حکمرانی، کرپشن کے خاتمے اور عوامی شمولیت کے لیے پرعزم ہے۔"

انہوں نے مزید کہا: "شفافیت اور جوابدہی ہی عوامی اعتماد کی بنیاد ہیں، اور کمیشن ہر شہری کو بلا تفریق معلومات تک رسائی یقینی بنائے گا۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حق معلومات کے استعمال میں بھرپور دلچسپی لیں۔"

یاد رہے کہ بلوچستان اسمبلی نے 2021 میں "رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ" کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد صوبے میں عوامی اداروں کی شفافیت کو یقینی بنانا اور شہریوں کو معلومات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ انفارمیشن کمیشن کا قیام اسی قانون پر مؤثر عمل درآمد کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US