اقوام متحدہ ۔2اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نے اسرائیل کے انخلاء کے بعد غزہ کے الشفا ہسپتال میں مشن بھیجنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔ شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ترجمانسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے احاطے سے انخلاء کے بعد اقوام متحدہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال میں ایک مشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے تحت ہم وہاں پہنچ کر لوگوں کو طبی امداد حاصل کرنے میں مدد کر سکیں گے اور ہسپتال کی حالت کا جائزہ لے سکیں گے ۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) تنازعات کے خاتمے اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے مناسب حفاظتی یقین دہانیوں کا انتظار کر رہا ہے۔ڈبلیو ایچ او کا عملہ جلد از جلد غزہ جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئسز کے مطابق انہیں جو معلومات ملی ہیں وہ کافی خطرناک ہیں۔