راولپنڈی: جعلی پیر خرم علی خان عرف ”پیر لٹکن شاہ“ گرفتار، مقدمہ درج

image

راولپنڈی پولیس نے شہری پر تشدد کی وائرل ویڈیو سامنے آنے کے بعد جعلی پیر خرم علی خان عرف پیر لٹکن شاہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

دو روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزم نے اپنے آستانہ وارث خان میں ایک شہری کو زمین پر لٹا کر تشدد کیا اور نام نہاد روحانی دعوؤں کی آڑ میں گالی گلوچ کی۔ ویڈیو کے وائرل ہونے پر سی پی او راولپنڈی سید شہزاد ندیم بخاری نے معاملے کا نوٹس لیا اور ایس پی راول سمیت متعلقہ افسران کو کارروائی کی ہدایت دی۔

ایس ایچ او وارث خان انسپکٹر خضر حیات نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو جلد عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق خرم علی خان اس سے قبل بھی ایک مقدمے میں نازیبا حرکات کے الزام پر اڈیالہ جیل جا چکا ہے۔ اس کے مختلف سوشل میڈیا پیجز پر جعلی روحانی دعوے اور ڈرامائی ویڈیوز کے ذریعے شہریوں کو گمراہ کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US