احمد فرہاد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی پولیس کی حراست میں ہیں: اٹارنی جنرل

image

لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے ضلع باغ میں پولیس تحویل میں ہیں۔ 

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔

اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان کمرۂ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔ 

جسٹس محسن اختر کیانی نے آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی جی صاحب یہ دیکھ لیں۔ جوں جوں دوا کر رہے ہیں بیماری بڑھ رہی ہے۔‘ 

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ’احمد فرہاد ضلع باغ میں ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔ وہ گرفتار اور پولیس کی تحویل میں ہیں۔‘

اٹارنی جنرل نے تھانہ دھیر کوٹ کشمیر کی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کر دی۔ 

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ’اٹارنی جنرل صاحب قانون میں رہنے کی بات کر رہے تھے۔ کوئی لڑائی کوئی دشمنی نہیں ہے کسی ایجنسی کسی ادارے سے، صرف قانون کے دائرے کے اندر رہنے کی بات کرتے ہیں۔‘

16 مئی کو کشمیر کے صحافی و شاعر فرہاد علی شاہ کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا جس کا مقدمہ شاعر فرہاد علی کی زوجہ سیدہ عروج کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نامعلوم افراد نے سوہان گارڈن سے احمد فرہاد کو اغوا کیا اور بغیر وارنٹ ہمارے گھر میں داخل ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کو آج ہر صورت بازیاب کرا کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسلام اباد ہائی کورٹ نے اس کیس میں آئی ایس ائی کے سیکٹر کمانڈر سمیت سیکرٹری دفاع اور سیکریٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔ 

جسٹس محسن اختر کیانی کے اس کیس میں ریمارکس پر وفاقی وزیر قانون سمیت کئی حکومتی رہنماؤں نے رد عمل کا اظہار کیا تھا۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US