پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج سے ہیٹ ویو کا زور ٹوٹنے کی نوید دیتے ہوئے جون کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
جمعے کو محکمہ موسیمات کے فورکاسٹ آفیسر فرمان عباسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ اگرچہ گرمی کی لہر میں کمی آ رہی ہے تاہم وسطی پنجاب، سندھ کے کچھ شہروں میں سخت گرمی کی لہر برقرار رہے اور وہاں فوری طور پر بارش کا امکان دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں رات کے وقت آںدھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے کچھ علاقوں میں بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے تاہم بارش کا سپیل جون کے پہلے ہفتے کے دوران ہی سامنے آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اسی طرح کل یکم جون کو بھی بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں گرد اؒلود ہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔
اتوار کو بھی ملکی سطح پر موسم کی صورت حال ایسی ہی رہے گی جبکہ پیر کو گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی جائے گی۔
بدھ جمعرات کو اسلام آباد اور وسطی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کے امکانات بننا شروع ہوں گے جن کا دائرہ دوسرے علاقوں تک بھی بڑھ سکتا ہے۔
مارگلہ اور لوئر دیر کے پہاڑوں پر آگ
دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک مرتبہ پھر شدید آگ بھڑک اٹھی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر لوئر کی تحصیل ادیزئی کے پہاڑوں پر لگی آگ کو بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اسلام آباد میں رواں ہفتے ٹریل تھری، ٹریل فائیو اور ای الیون سیکٹر میں مختلف مقامات پر آگ لگنے کے واقعات ہو چکے ہیں۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے ضلع دیر لوئر کی تحصیل ادیزئی کے پہاڑوں پر لگی آگ کو بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ محکمہ جنگلات، پی ڈی ایم اے اور این ڈی اے کی جانب سے ہیلی آپریشن کیا جا رہا ہے اب تک کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔