پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کا اعلان کیا ہے۔جمعے کی رات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے کمی کی گئی ہے۔‘کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 268 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 22 پیسے ہوگئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق گذشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔’عالمی مارکیٹ کے نرخوں کی بنیاد پر اوگرا نے صارفین کے لیے نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے جس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے۔‘وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔‘