دنیا کی سب سے سست ٹرین کس ملک میں چلتی ہے؟

image

جہاں دنیا تیز رفتار بلٹ ٹرینوں کی دوڑ میں شامل ہو چکی ہے، وہیں ایک حیرت انگیز طور پر ترقی یافتہ یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں اب بھی دنیا کی سب سے سست رفتار ٹرین اپنی منفرد پہچان برقرار رکھے ہوئے ہے۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق، سوئٹزرلینڈ کے دلکش مناظر سے گزرتی ہوئی ’گلیشیئر ایکسپریس‘ دنیا کی سست ترین ٹرین کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہ 290 کلومیٹر کا سفر تقریباً 8 گھنٹوں میں طے کرتی ہے، جس کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی کم ہے۔

ایڈونچر اور آرام دہ سفر کا حسین امتزاج

یہ سست ترین ٹرین سنسنی خیز اور آرام دہ سفر کی علامت بن چکی ہے، جو مسافروں کو سوئس الپس کے دو عظیم پہاڑی سلسلوں کے درمیان، سینٹ مورٹز سے زرمٹ تک لے جاتی ہے۔ سفر کے دوران، 91 سرنگوں اور 291 پلوں کو عبور کرتے ہوئے، مسافر قدرتی مناظر سے بھرپور، دل موہ لینے والے مناظر کا لطف اٹھاتے ہیں۔

سرد موسم، گرم نشستیں، اور لذیذ پکوانوں کا انتظام

گلیشیئر ایکسپریس کا یہ سفر نہ صرف قدرتی خوبصورتی میں ڈوبا ہوتا ہے بلکہ مسافروں کی مکمل راحت کا خیال بھی رکھا جاتا ہے۔ سردیوں کے سخت موسم میں، گرم نشستیں مسافروں کو گرمائش اور سکون فراہم کرتی ہیں۔ سفر کے دوران مسافر اپنے پسندیدہ کھانوں اور مشروبات سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں، جس سے یہ سفر مزید خوشگوار بن جاتا ہے۔

پلوں اور سرنگوں سے گزرتی، انجینئرنگ کا شاہکار

جب یہ ٹرین خطرناک پہاڑی راستوں اور پیچیدہ پلوں سے گزرتی ہے تو مسافر حیرت انگیز انجینئرنگ کے فن کا بھی مشاہدہ کرتے ہیں، جو سوئٹزرلینڈ کے ماہر انجینئرز کی بے مثال صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔

اگر آپ بھی ایک منفرد اور آرام دہ سفر کی خواہش رکھتے ہیں، جہاں قدرت کے حسین نظاروں کا مزہ لے سکیں تو 'گلیشیئر ایکسپریس' کا سفر کسی خواب سے کم نہیں!


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US