خیبر پختونخوا میں سیلاب کی تباہی، بین الاقوامی برادری سے فوری امداد کی اپیل

image

حکومت خیبر پختونخوا نے شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر بین الاقوامی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں سے فوری امداد کی اپیل کردی۔

منصوبہ بندی اور ترقیاتی محکمہ کی جانب سے جاری خط کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے جبکہ ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ خط میں بتایا گیا کہ گھروں، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

خط کے ذریعے ورلڈ وائڈ فنڈ، جی آئی زی، اقوام متحدہ کی ایجنسیاں، یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے پاکستان میں نمائندوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر پناہ گاہیں، صاف پانی، خوراک، طبی امداد اور دیگر ضروری سامان کی اشد ضرورت ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاہم موجودہ حالات میں بین الاقوامی برادری کی فوری مدد نہایت اہم ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی بین الاقوامی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مشکل گھڑی میں فعال تعاون کی توقع رکھتی ہے۔

مزید کہا گیا کہ نقصانات کی تفصیلی تشخیص کے بعد امدادی سرگرمیوں کے لیے ترجیحی شعبوں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی تاکہ بروقت اور مربوط ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US