ملک بھر میں مون سون کی شدت میں اضافہ، اربن فلڈنگ کا خطرہ

image

ملک کے مختلف حصوں میں آج سے مون سون کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں، اربن فلڈنگ اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات سے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔

کراچی کے علاقوں گرومندر، ایم اے جناح روڈ، گلشن معمار اور سرجانی ٹاؤن میں رات گئے بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سجاول اور گردونواح میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈی آئی خان میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

پنجاب میں کلورکوٹ، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں بارش کے بعد متعدد مقامات پر بجلی غائب ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ سندھ میں تیز بارشوں کے ساتھ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US