کراچی، 21 اکتوبر 2024: چھاتی کے سرطان (بریسٹ کینسر) سے آگاہی کے مہینے کی مناسبت سے فیصل فنڈز نے آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے تعاون سے چھاتی کے سرطان سے متعلق خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس مہم کا مقصد خواتین کو صحت کے حوالے سے درپیش ایک سنگین مسئلے سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی ماہر صحت رابیل خواجہ کی قیادت میں ایک جامع سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد شرکاء کو بریسٹ کینسر کی روک تھام، ابتدائی تشخیص کی اہمیت اور علاج کے جدید طریقوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ رابیل خواجہ نے بیماری سے متعلق لاحق خطرات، اسکریننگ کی اہمیت اور خود معائنہ کرنے کی تکنیکوں سے آگاہ کیا، جس سے حاضرین کو اپنی صحت کو بہتر بنانے کے حوالے سے قیمتی معلومات حاصل ہوئیں۔
رابل خواجہ نے کہا ''بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی اس بیماری کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم ہے۔ تعلیم اور بلاجھجک گفتگو کے ذریعے ہم خواتین کو اپنی صحت کا خیال رکھنے اور بریسٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص کروانے کی ترغیب دے سکتے ہیں، جس سے نتائج میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔''
سینئر منیجر ایچ آر غزل شفیق نے کہا ''فیصل فنڈز کمیونٹی میں آگاہی اور تعاون کے کلچر کو فروغ دینا چاہتا ہے، اور اس طرح کی تقریبات ہمارے مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ سیشن صحت، فلاح و بہبود اور مالیاتی اداروں اور صحت کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کی اہمیت پر مبنی مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ ہم سب کو ترغیب دیتے ہیں کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں، باقاعدگی سے اسکریننگ کروائیں اور اپنی کمیونٹی میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے گفتگو کو فروغ دیں۔''