کراچی کے ڈیفنس علاقے میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے کی ابتدائی پولیس تحقیقات مکمل ہو گئی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ایک ماں نے اپنے ہی دو کمسن بچوں کو گھر میں قتل کر دیا۔ یہ واقعہ گھر کے واش روم میں پیش آیا جہاں خاتون نے پہلے بیٹے اور پھر بیٹی کی جان لی۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ بچوں کو نیند میں نہیں بلکہ جاگتے ہوئے مارا گیا۔ ماں نے کچن سے چھری لا کر ان کے گلے کاٹے اور پھر لاشوں کو کمرے میں لا کر اپنی گود میں لیے بیٹھی رہی۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد خاتون نے بچوں کی تصاویر والد اور دیگر رشتہ داروں کو خود بھیجیں اور پیغام لکھا کہ میں نے انہیں آزاد کر دیا ہے۔ تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون علیحدگی کے بعد بچوں کی حوالگی کے معاملے پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی، جو اس سانحے کا پس منظر بنا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والی چھری بھی برآمد کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ والدین میں علیحدگی کے بعد بچوں کی کسٹڈی والد کے پاس تھی جب کے باپ بچوں کو اسکول کے بعد ماں سے روز ملوانے لاتا تھا اور اکثر بچے نائٹ اسٹے بھی کرتے تھے۔ اس دن بھی ایسا ہی ہوا تھا لیکن اگلے روز غسل خانے سے بچوں کی لاشیں ملیں۔
یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف خاندان بلکہ پورے محلے کو ہلا کر رکھ گیا ہے، اور اہل علاقہ شدید صدمے اور سوگ کی کیفیت میں ہیں۔