رتی گلی سے 7 سو سے زائد سیاح ریسکیو، کن مشکلات سے گزرنا پڑا؟

image

آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن 10 گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد مکمل کرتے ہوئے 700 سے زائد سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے ضلع نیلم کے سیاحتی مقامات رتی گلی کے علاقے میں 700 سے زائد افراد زمینی رابطہ منقطع ہونے پر محصور ہوگئے تھے۔ ریسکیو کے دوران 14 کلومیٹر کے راستے میں پانچویں کلومیٹر پر تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر سڑک بہہ گئی تھی۔ اس مشکل صورتحال کے باوجود 98 گاڑیاں اور 700 سے زائد سیاحوں کو رتی گلی سے ریسکیو کر کے جبھی کے مقام تک پہنچایا گیا۔ ریسکیو کیے گئے سیاحوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

جبھی کے مقام سے ڈیڑھ کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرایا گیا، تقریباً ساڑھے تین کلو میٹر کا سفر ٹورازم پولیس، ٹریفک پولیس، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، محکمہ مال اور ریسکیو 1122 کی گاڑیوں کے ذریعے طے کرا کے سیاحوں کو مین روڈ تک لایا گیا۔

مین روڈ پر پاک فوج اور ڈی ڈی ایم اے کے تعاون سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا جہاں انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے کھانے کا بندوبست کیا جس کے بعد تمام سیاحوں کو ان کے متعلقہ علاقوں کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق رتی گلی آنے والے سیاح اس وقت محصور ہوگئے تھے جب شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بہہ گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US