لائیو:’اچھے طریقے سے کریں‘، پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس

image
اہم نکات:سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں مزید 14مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ 

گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے جس کی صدارت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کر رہے ہیں۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک ماہ قبل منظور کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرنے کے لیے آج پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج، انڈیکس میں مثبت رجحان

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔

اس وقت مارکیٹ 1455 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1لاکھ 6 ہزار 570 پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔

گذشتہ روز بدھ کو سٹاک مارکیٹ میں 545 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 5 ہزار 104 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کے لیے جو کام ہوا اس کی مثال نہیں ملتی: مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ’سموگ پر نو ماہ میں وزیراعلیٰ مریم نوازکی قیادت میں جو کام ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ مارچ میں مریم نواز نے اجلاس میں تمام شعبہ جات کو ٹارگٹ دیے پنجاب کا پہلا سموگ کے خاتمے کا پلان بنایا۔‘ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’پچھلے نو ماہ میں معاشی اعشاریے بہترین جا رہے ہیں جس پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ساڑھے چھ سال بعد افراطِ زر کم ہو کر 4.9 پر آ گیا ہے۔ شہبازشریف کے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے جو معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔‘

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’2018 سے 2023 تک کیا ہوا اب تو انڈسٹری بہتری ہو رہی ہے اور روزگار مل رہا ہے۔‘

جناح ہاؤس حملہ کیس، عالیہ حمزہ سمیت چھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

جناح ہاؤس حملہ کیس میں جیل ٹرائل سے غیر حاضر ہونے پر تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ سمیت چھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سمیت چھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالت نے ملزمان کو 19 دسمبر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، سماعت کارروائی کے بغیر ملتوی

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی ہے۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو عدالت پیش کیا گیا۔

انہوں نے اعتراض کیا کہ ’چھوٹی کورٹ ہے اور یہاں میڈیا نہیں ہے۔‘

عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ چھ دسمبر تک ملتوی کر دی۔

ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن معاشی اصلاحات میں اہم سنگ میل ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے اہم امور31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی معاشی صورتحال اور  فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے،معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، فسکل سپیس بڑھنا خوش آئند ہے۔‘

ون واٹر کانفرنس، وزیراعظم نے چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض سعودی عرب کا دورہ کیا اور ون واٹر کانفرنس کی سائیڈ لائن پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔‘

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ’وزیراعظم نے سمٹ میں چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کے تحت آبی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سمٹ کی سائیڈلائن پر فرانس کے صدر سے بھی ملاقات کی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی منظور ہونے والی قرارداد کو خوش آئند قرار دیتا ہے جس میں فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی گئی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید بتایا کہ ’عافیہ صدیقی کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط کے بارے میں معلومات نہیں۔ پاکستان عافیہ صدیقی کے مقدمے کی پیروی کے لیے پُرعزم ہے۔‘

سپریم کورٹ نے پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لے لیا

سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ نے پاکستان ایئر لائن کی نجکاری کیس کی سماعت کی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ’قومی ایئر لائن کی نجکاری کر کے حکومت کہیں سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی؟ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا نجکاری عدالت کو اعتماد میں لے کر کی جائے۔‘

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی تھی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ’عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے، قومی ایئر لائن کی نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔‘

عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی کُل تعداد 76ہوگئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف اسلام آباد پولیس کی جانب سے مقدمات کی رپورٹ جمع کرائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سابق وزیراعظم کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔

یہ مقدمات 24 سے 27 نومبر کے درمیان اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دفعہ 144 اور دیگر دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

عمران خان کے خلاف مقدمات انسداد دہشتگری، قتل، دفعہ 144، ایمپلی فائر ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہوئے ہیں۔

پنجاب میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے نیا طریقۂ کار کیا؟

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے اصول و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔

قیدیوں کی عزیز و اقارب اور لیگل کونسل سے ملاقات جیل قواعد کے مطابق ہو گی۔ مین گیٹ پر ملاقاتیوں کی جامع تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ ہوگی۔ 

صرف ملاقات کے دن پر اور اصل شناختی کارڈ کے حامل افراد ہی قیدیوں سے ملاقات کر سکیں گے

ہر ملاقاتی کی مکمل تفصیل پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم یا رجسٹر میں درج کی جائے گی

سکیورٹی کے پیش نظر سزائے موت کے قیدی، خطرناک قیدی ، پنشمنٹ بلاک میں بند قیدیوں کی ملاقات علیحدہ دنوں میں ہوگی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس جاری

گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے جس کی صدارت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں آفتاب شیر پاؤ، میاں افتخار حسین، انجنیئر امیر مقام، مولانا لطف الرحمان، پروفیسر ابراہیم، محمد علی شاہ باچا، محسن ڈاور، سکندر شیر پاؤسمیت دیگر صوبائی قیادت شریک ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس کے آغاز پر کہا کہ ’صوبے کے امن و مسائل، حقوق کے لیے آج سیاسی قیادت یہاں موجود ہے۔ آج کانفرنس میں سیاسی قائدین کی موجودگی نے ثابت کیا کہ صوبہ کے مسائل و حقوق پر ہم سب یکجا ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’حق تو یہ تھا کہ وزیراعلیٰ جو حکمران جماعت کے صوبائی صدر بھی  ہیں وہ اس کانفرنس کا انعقاد کرتے۔ اس کانفرنس کا اعلامیہ و تجاویز وفاقی حکومت کو ارسال کی جایئں گی۔‘

 گورنر ہاؤس میں اے پی سی کے نام پر صوبے کا مسترد شدہ ٹولہ جمع ہوا: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ’گورنر ہاؤس میں اے پی سی کے نام پر صوبے کا مسترد شدہ ٹولہ جمع ہوا ہے۔‘

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اے پی سی سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش ہے، آل پارٹیز کانفرنس بلانا گورنر کا نہیں، منتخب حکومت کا مینڈیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’گورنر اے پی سی کے بجائے وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے مرکز سے بقایا جات لیں، گورنر صوبے کے چیف ایگزیکٹو بننے کی ایکٹنگ نہ کریں۔‘

حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

پولنگ کے دوران دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا جس کی وجہ سے پولنگ سٹیشن نمبر 39،40 اور41 پر ووٹنگ رک گئی ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمشنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے واقعات کو پولیس کی مداخلت سے پُر امن طریقے سے نمٹا لیا گیا ہے۔‘

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں میں زلزلے کے جھٹکے

پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو صوبے کے تمام اضلاع سے زلزلے کے بارے ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز کھاریاں پنجاب جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک ماہ قبل منظور کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرنے کے لیے آج پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

کشمیر کی حکومت نے ایک ماہ قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے مخصوص شرائط پر عمل کے بغیر احتجاج، جلسے جلوس اور مظاہرے کرنے پر سات سال قید کا قانون لاگو کیا تھا۔

یہ ہڑتال جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کی گئی ہے۔ آل پارٹیز رابطہ کمیٹی بھی اس ہڑتال کی حمایت کر رہی ہے۔

جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow