بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر مسلح افواج کا خراج عقیدت

image

بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر مسلح افواجِ پاکستان نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف؛ ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف؛ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف نے افواجِ پاکستان کی جانب سے بابائے قوم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج قائدِاعظم کے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتی ہیں، جو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی ہے۔ افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائدِاعظم کی قیادت، آئینی سوچ اور ثابت قدمی آج بھی قوم اور افواج کی رہنمائی کر رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

بیان میں مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد بھی دی گئی اور قوم کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے قائدِاعظم کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے وژن سے وابستگی کا اعادہ کیا گیا۔

مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی میراث کی حفاظت اور قوم کی خدمت عزت، جرات اور وفاداری سے کرتی رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US