میری بہنیں اسکول سے محروم رہ گئیں۔۔ 10 برسوں سے بچیوں کو مفت اسکول چھوڑنے والے عظیم نوجوان کی دل چھو لینے والی ویڈیو

image

"میری بہنیں ٹرانسپورٹ کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ گئیں، تب میں نے عہد کیا کہ میں رکشہ چلاؤں گا اور بچیوں کو مفت اسکول لے جایا کروں گا۔"

33 سالہ عرب شاہ، پشاور کا وہ ہیرو ہے جسے شاید سرکاری ایوارڈز نہ ملے ہوں لیکن ہزاروں دعائیں ضرور ملی ہیں۔ دس سال سے یہ غیرمعمولی رکشہ ڈرائیور اپنی دن رات کی محنت سے طالبات کو مفت پک اینڈ ڈراپ سروس فراہم کر رہے ہیں تاکہ علاقے کی بچیاں تعلیم جیسی دولت سے محروم نہ رہ جائیں۔

یہ کہانی عرب شاہ کے عزم، دردِ دل اور انتھک محنت کی ہے۔ ابتدا میں انہوں نے محض ایک رکشے سے سفر شروع کیا، مشکلات بھی آئیں اور والدین کا اعتماد جیتنے میں وقت لگا، لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ پورا گاؤں ان پر بھروسہ کرتا ہے۔ والدین خود انہیں اپنی بچیوں کی ذمہ داری سونپنے کے لیے آتے ہیں۔

عرب شاہ بتاتے ہیں: "شروع میں والدین مجھے جانتے نہیں تھے۔ میں ان کے دروازوں پر جا کر خود وضاحت دیتا تھا۔ آج ماشااللہ، لوگ میرے پاس آتے ہیں اور اپنی بچیوں کو اسکول لے جانے کا کہتے ہیں۔"

انہوں نے اس مقصد کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ہے۔ ان کے پاس آج چار گاڑیاں موجود ہیں، جو انہیں ایک نیک دل شخص ضیاالدین صاحب نے دی ہیں۔ پیٹرول اور دیگر اخراجات کا بوجھ وہ خود مزدوری کرکے اٹھاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے: "ہم سوزوکی چلاتے ہیں اور جو پیسے بچتے ہیں، وہ بچیوں کی ٹرانسپورٹ پر خرچ کرتے ہیں۔"

یہ سفر صرف رکشے تک محدود نہیں رہا۔ عرب شاہ کی محنت کا ثمر وہ بچیاں ہیں جو کبھی ان کے رکشے پر سکول جاتی تھیں اور آج یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں یا ٹیچر بن کر دوسروں کا مستقبل سنوار رہی ہیں۔ وہ جذباتی انداز میں کہتے ہیں: "جو بچیاں کبھی میرے ساتھ رکشے میں تھیں، وہ آج شکریہ ادا کرتی ہیں۔ یہ میری سب سے بڑی کامیابی ہے۔"

عرب شاہ نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا: "اگر حکومت مجھے ایک بس فراہم کر دے تو میں زیادہ بچیوں کو اسکول پہنچا سکوں گا۔ کئی والدین مجبور ہو کر میرے پاس آتے ہیں لیکن جگہ نہ ہونے پر مجھے انکار کرنا پڑتا ہے، جو دل توڑ دینے والا لمحہ ہوتا ہے۔"

یہ کہانی صرف ایک رکشہ ڈرائیور کی نہیں، یہ معاشرے کے اس خاموش ہیرو کی ہے جو بغیر کسی صلے کی پرواہ کیے، اپنے خوابوں کو دوسروں کی زندگی سنوارنے کے لیے قربان کر رہا ہے۔ عرب شاہ کی مثال ثابت کرتی ہے کہ اگر نیت صاف ہو تو ایک شخص بھی ہزاروں زندگیاں بدل سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US