ہوائی فائرنگ روکنے کے دعوے ہوا ہوئے ۔۔ کراچی میں جشن آزادی پر جاں بحق و زخمیوں کی تعداد سامنے آگئی

image

کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر پولیس کے دعوؤں کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں اندھی گولیاں لگنے سے ایک بچی سمیت تین افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت 81 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو اداروں کے مطابق زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال، جناح اسپتال، سول اسپتال اور دیگر طبی مراکز منتقل کیا گیا، جن میں 51 مرد، 23 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں دو مرد اور ایک بچی شامل ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

زخمی افراد کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں جیسے لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، لیاری، ناظم آباد، گلبرگ، مچھر کالونی، کورنگی، ملیر، عزیز آباد، گلشن اقبال، سرجانی، پاپوش نگر، ایف بی ایریا اور دیگر مقامات سے ہے۔ ہسپتالوں کے اعداد و شمار کے مطابق سول اسپتال میں 22، جناح اسپتال میں 21، عباسی شہید اسپتال میں 40 اور دارالصحت اسپتال میں ایک زخمی لایا گیا۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مرحا دختر وقاص محمد (عمر 8 سال)، اسٹیفن ولد جون (عمر 35 سال) اور جمعہ ولد سلمان (عمر 70 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے قبل ازیں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، تاہم جشن آزادی کی رات شہر میں فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے اور رات بھر اسپتالوں میں اندھی گولیوں کے زخمی آتے رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US