بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔۔ جشنِ آزادی کی تقریب میں سرفراز بگٹی کا گمراہ کن عناصر کو دوٹوک پیغام

image

"پاکستانی قوم دشمن کے ہر وار کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔ کچھ عناصر بلوچ نوجوانوں کو بھڑکا کر پہاڑوں پر بھیج رہے ہیں، جبکہ ان کے اپنے بچے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ہم بلوچ نوجوانوں کو ہارورڈ اور آکسفورڈ بھیج رہے ہیں، مگر یہ عناصر بلوچ بچیوں کو خودکش جیکٹ پہنا رہے ہیں۔ بلوچ عوام کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے۔ ریاست اور عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ احتجاج ہر شہری کا حق ہے مگر امن قائم رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ایک سال قبل امن کے قیام کا وعدہ کیا تھا اور آج صورتحال واضح طور پر بہتر ہے۔ ہمارے سیکیورٹی اہلکار دور دراز علاقوں میں اپنی جانوں کی قربانی دے کر عوام کا تحفظ کر رہے ہیں۔ بلوچیت کے نام پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد ہیں۔ نوجوان بیرونی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں۔ اس وقت 28 ہزار بلوچ نوجوان پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ہم تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ میں خود یونیورسٹیوں میں جا کر طلبہ کے مسائل سنوں گا اور آئینی دائرہ کار میں ان کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے۔" وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی کیونکہ ریاست اور عوام متحد ہیں۔ جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر بلوچ نوجوانوں کو پہاڑوں پر دھکیل کر لاحاصل جنگ میں جھونک رہے ہیں، جبکہ ان کے اپنے بچے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو ہارورڈ اور آکسفورڈ جیسے اداروں میں بھیج کر تعلیم و ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن قائم ہو رہا ہے، اور ایک سال قبل کیے گئے وعدے کے مطابق صوبے میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچیت کے نام پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر دہشت گرد ہیں اور انہیں بلوچ کہلوانے کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 28 ہزار بلوچ نوجوان پاک فوج میں مادرِ وطن کے دفاع میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے بیرونی پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے سے محتاط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ کی بنیاد پر تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ وہ خود یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں جا کر طلبہ کے مسائل سنیں گے اور آئینی دائرہ کار میں ان کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US