خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ۔۔ 4 پولیس اہلکار شہید، 9 زخمی

image

خیبرپختونخوا ایک بار پھر دہشت گردی کی لرزہ خیز لہر کی زد میں، مختلف اضلاع میں پولیس پر یکے بعد دیگرے حملوں نے سکیورٹی صورتحال کو تشویشناک بنا دیا۔ ان افسوسناک واقعات میں 4 بہادر پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 9 زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

پشاور کے نواحی علاقوں متنی اور حسن خیل میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی ادیزئی اور حسن خیل پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں پولیس اہلکار ابوبکر شہید جبکہ ہارون زخمی ہوئے۔ پولیس نے دونوں حملے مردانہ وار پسپا کر دیے، مگر گولیوں کی بوچھاڑ میں ایک جوان ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گیا۔

دیر بالا میں دہشت گردوں نے کیو آر ایف موبائل پر دھاوا بولا۔ اس حملے میں 3 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جمرود میں سخی پل چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، مگر پولیس اور ایف سی کی مشترکہ جوابی کارروائی نے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ اسی طرح ضلع بنوں میں مزانگہ پولیس چوکی اور چارسدہ میں ترلاندی چوکی پر بھی حملے کیے گئے، لیکن کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔

ان واقعات کے بعد صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس جوان ہائی الرٹ ہیں اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ اس خونریز سلسلے کو ختم کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US