وزیر داخلہ سندھ نے سکیورٹی کمپنیز کے خلاف ڈنڈا اٹھالیا

image

صوبہ بھر میں سرگرم نجی سکیورٹی کمپنیز سے متعلق وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں شریک ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے داخلہ اقبال میمن نے نجی سکیورٹی کمپنیز کے جملہ امور واقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت صوبائی سطح پر 302 نجی سکیورٹی کمپنیز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے اب تک 41 کمپنیز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں جبکہ 36 کمپنیز کے لائسنس بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پرائیوٹ سکیورٹی کمپنیز سے متعلق موجودہ قانون کا جائز لے رہے ہیں اور اس ضمن میں ضروری ترامیم متعارف کرانے پر بھی کام کیا جارہا ہے تاہم اس وقت انتہائی ضروری ہے کہ جملہ نجی سکیورٹی کمپنیز کے لیے از سر نو ایس او پی ترتیب دیا جائے اور یہ طے کیا جائے کہ سکیورٹی گارڈز کو باقاعدہ تربیت کہاں دی جائے، کیونکہ میں نجی کمپپنیز کے جملہ امور و اقدامات کو قواعد و ضوابط کے دائرے میں لانے جیسے اقدامات سے متعلق سنجیدہ ہوں۔

انہوں نے اس موقع پر نجی سکیورٹی کمپنیز کے جملہ امور و اقدامات کو ایک دائرے میں لانے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی 30 یوم کے اندر نجی سکیورٹی کمپنیز کی مکمل انسپکشن پر مشتمل رپورٹ برائے ملاحظہ ارسال کرے گی بصورت دیگر نجی سکیورٹی کمپنیز/ غیر قانونی کمپنیز کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ قائم کردہ کمیٹی، اسپیشل سیکریٹری برائے داخلہ، کوآرڈینیٹر وزیر داخلہ، اسپیشل برانچ، آئی بی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نجی سکیورٹی کمپنیز کے ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے اور دفتر ہذا میں قائم کی جانے والی ڈیسک کو میں بذات خود مانیٹر کروں گا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کے تحت نجی سکیورٹی کمپنیز کی انسپکشن کا عمل جاری رہتا ہے جبکہ سندھ پولیس کے ای وی ایم سسٹم (ایمپلائز ویری فکیشن مینجمنٹ سسٹم) کے ذریعے بھی سکیورٹی گارڈز کے کوائف کی تصدیق کی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں ای وی ایم کے ذریعے سکیورٹی گارڈز کے مکمل کوائف کی تصدیق اور اندراج ہر پرائیوٹ کمپنی کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ، سیکریٹریز داخلہ، قانون سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔


About the Author:

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts