دہرے قتل کیس میں مقتول بانو بی بی کی والدہ اے ٹی سی ون میں پیش ہوئیں، پولیس نے عدالت سے بانو بی بی کی والدہ کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، عدالت نے بانو بی بی کی والدہ کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
کوئٹہ سے متصل ڈیگار ی کے علاقے میں مرد اور خاتون کو قتل کرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد حکومت بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی اس کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد اس واقعہ کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں درج کیا گیا۔
بعد ازاں مذکورہ کیس میں نامزد افراد کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں، جن میں سردار شیر باز ساتکزئی بھی شامل ہیں، جن کا پولیس نے ریمانڈ لے رکھا ہے۔
کیس میں نیا موڑ اس وقت آیا جب مقتول خاتون بانو بی بی کی والدہ کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں اس نے قتل کی وجہ اور اس کے محرکات کی بات کی، جس کے بعد وہ خود آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں عدالت نے ان کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی واقعہ کے حوالے سے گذشتہ دنوں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کیس کے حوالے سے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی اور کوئی دباؤ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔